نئی دہلی23ستمبر(آئی این ایس انڈیاْ/ایس او نیوز) پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے حکومت ہندکے بارے میں دیئے گئے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہاہے کہ عمران وہاں کی فوج اور آئی ایس آئی کے ماسک ہیں اور انہیں بھارت کی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں ’’برا بھلا‘‘ کہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
پارٹی کے مرکزی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ پاکستان کے وزیر اعظم کے بارے میں ہم صرف یہی کہیں گے وہ چھلنی کیا بولے جس میں ایک ہزارسوراخ ہیں۔جودہشت گردی کا جنم داتا ہیں اس پاکستان کو کوئی حق نہیں ہے کہ حکومت ہند اور وزیر اعظم کے بارے میں برا بھلا بولے۔یہ ہمیں کبھی قبول نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہاکہ بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں ہمیشہ امن اور بھائی چارگی پیدا ہوئی ہے۔جب کہ پاکستان نے دہشت گردی کوفروغ دیا ہے۔وہاں کی حکومت اور عمران خان فوج اور آئی ایس آئی کا ماسک ہیں۔عمران کشمیر کی راگ الاپ رہے ہیں۔ہم ان کی بات کو مسترد کرتے ہیں۔دراصل، وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ امن مذاکرات دوبارہ شروع کیے جانے کے لیے میری دعوت پر ہندوستان کے گھمنڈی اور منفی رخ کی طرف سے مایوس ہوں۔بھارت کی طرف سے وزیر خارجہ سطح کی میٹنگ منسوخ کیے جانے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگرچہ میں نے اپنی پوری زندگی دیکھا ہے کہ چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر فائز رہے ہیں اور ان کے پاس بڑی تصویر دینے کا نقطہ نظر نہیں ہیں۔